آسٹریلیا کے معروف ساحلی علاقے بونڈی میں پیش آنے والے فائرنگ کے افسوسناک واقعے پر آسٹریلین نیشنل امامز کونسل (ANIC)، کونسل آف امامز نیو ساؤتھ ویلز اور آسٹریلوی مسلم برادری نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیا ہے۔
آسٹریلین نیشنل امامز کونسل کی جانب سے 14 دسمبر 2025 کو جاری کردہ عوامی بیان میں کہا گیا ہے کہ بونڈی میں ہونے والی فائرنگ جیسے پرتشدد واقعات کا معاشرے میں کوئی جواز نہیں اور ایسے جرائم برداشت نہیں کیے جا سکتے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو مکمل طور پر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔بیان میں کہا گیا کہ کونسل کی ہمدردیاں اور دعائیں متاثرین، ان کے اہلِ خانہ اور ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جو اس ہولناک واقعے کے عینی شاہد بنے یا کسی بھی طرح ذہنی و جسمانی طور پر متاثر ہوئے۔ کونسل نے اس واقعے کے بعد کمیونٹی میں پائے جانے والے خوف، کرب اور بے چینی کو تسلیم کرتے ہوئے تمام سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور مکمل تعاون کا اظہار کیا۔
آسٹریلین نیشنل امامز کونسل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں ہوشیار رہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ایک دوسرے کا سہارا بنیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔بیان میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ یہ وقت تمام آسٹریلوی شہریوں کے لیے، بشمول مسلم برادری، اتحاد، باہمی احترام اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کا ہے۔ کونسل نے واضح کیا کہ اسلام سمیت تمام مذاہب تشدد، نفرت اور انتہا پسندی کی سختی سے مذمت کرتے ہیں اور پرامن بقائے باہمی، سماجی ہم آہنگی اور تمام شہریوں کے تحفظ پر یقین رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلین نیشنل امامز کونسل ملک بھر کی تمام ریاستوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے 300 سے زائد ائمہ کرام کی نمائندگی کرتی ہے اور مختلف مذاہب و برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔








