ٹھٹھہ :محکمہ فشريز کے کینجھر جھیل سمیت مختلف علاقوں میں چھاپے، پابندی عائد، جال ضبط، کئی گرفتار
ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی )ڈپٹی ڈائریکٹر فشريز ٹھٹھہ کا کینجھر جھیل سمیت مختلف علاقوں میں اچانک چھاپے، پابندی عائد جال ضبط ملوث افراد گرفتار –
تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ غضنفر علی قادری اور محکمہ فشريز کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر فشريز ٹھٹھہ غلام مصطفیٰ میمن نے پولیس، روینیو اور متعلقہ افسران کے ہمراہ کینجھر جھیل اور ضلع کے مختلف علاقوں میں اچانک چھاپہ مارکر غیر قانونی اور ممنوعہ جال ضبط کرکے ملوث ماہیگیروں کو گرفتار کرکے ان پر جرمانے بھی عائد کیئے گئے- اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فشريز غلام مصطفیٰ میمن نے کہا کہ ممنوعہ جال اور غیر قانونی طور پر چھوٹی مچھلی کے شکار و فروخت کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا اس ضمن میں ضلع بھر میں کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے- انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے تمام شہروں کے مچھلی مارکیٹوں میں بھی اچانک چھاپے مارے جائینگے اور چھوٹی مچھلی فروخت کرنے والوں کو گرفتار کرکے جرمانے بھی عائد کیئے جائینگے، چاہے وہ کتنے ہی با اثر کیوں نا ہوں- انہوں نے کہا کہ چھوٹی مچھلی کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے اور مچھلی کی نسل کشی کرنے کی کسی کو بھی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی- ڈپٹی ڈائریکٹر فشريز غلام مصطفیٰ میمن نے کہا کہ ماہیگیر چھوٹی مچھلی کے شکار اور فروخت کرنے سمیت ممنوعہ جال کے استعمال سے گریز کریں- انہوں نے کہا کہ ماہیگیروں کو چاہیے کہ وہ مچھلی کے شکار کا لائسنس اپنے ساتھ رکھیں اور قانون کے مطابق مچھلی کا شکار کریں.