خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں میران شاہ روڈ پر باران شاہ پل کے قریب پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کا حوالدار شہید اور ایک جوان زخمی ہوگیا۔

بنوں پولیس کے ترجمان کاشف نواز خان کے مطابق اتوار کی دوپہر پولیس پارٹی سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ علاقے میں تلاشی آپریشن میں مصروف تھی کہ اچانک بارودی سرنگ (آئی ای ڈی) کا دھماکا ہوا، جس کے فوراً بعد دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا۔ ترجمان نے بتایا کہ آئی ای ڈی باران شاہ پل کے قریب میران شاہ روڈ پر نصب کی گئی تھی۔ دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں حوالدار دوست محمد خان شہید جبکہ سپاہی شمیم خان زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے بعد دہشت گرد پہاڑی علاقوں کی طرف فرار ہوگئے۔ دیگر تمام اہلکار محفوظ رہے اور واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

بنوں میں کواڈ کاپٹر حملے میں چار بچے زخمی

دوسری جانب بنوں کے خدری مامند خیل علاقے میں اتوار کی شام دہشت گردوں کے کواڈ کاپٹر حملے میں چار بچے زخمی ہوگئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے ایک گھر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین بچے زخمی ہوئے۔ زخمی بچوں کو ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

Shares: