بلوچستان کے ضلع پشین میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے وابستہ پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔سی ٹی ڈی کے ذرائع کے مطابق، یہ کارروائی جمعرات کے روز پشین کے علاقے سرخاب مہاجر کیمپ میں کی گئی۔ سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ شارپ شوٹر اس علاقے میں دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہ دہشت گرد ممکنہ طور پر پشین اور اس کے گردونواح میں بڑی دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی کی ٹیم نے فوری طور پر علاقے کا محاصرہ کر لیا اور دہشت گردوں کو سرنڈر کرنے کی تنبیہ کی۔ تاہم دہشت گردوں نے بجائے ہتھیار ڈالنے کے سی ٹی ڈی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس کے جواب میں سی ٹی ڈی کی ٹیم نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں پانچوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں احمد اللہ عرف علی عرف بدری، جس کا تعلق بولدک افغانستان سے تھا، شامل ہے۔ اس کے علاوہ احسان اللہ عرف متوکل عرف حامد اور سمیع اللہ کا تعلق پشین سے ہے۔ دیگر دو دہشت گرد، جن کی شناخت ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی، بھی اس مقابلے میں مارے گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق، دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، ایک 30 بور ٹی ٹی پسٹل، دو نائن ایم ایم پسٹل، گولیاں، دو ہینڈ گرینیڈ، ایک آئی ای ڈی (دھماکہ خیز مواد)، چار کلو دھماکہ خیز مواد، پرائما کارڈ، اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ یہ تمام مواد دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے دہشت گردوں کے گروہ کے باقی ماندہ ارکان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق، فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن جاری رہے گا تاکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ کارروائی بلوچستان میں سی ٹی ڈی کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک اور بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ ملک میں امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔
Shares: