چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ ہم کہتے ہیں کہ ہم سب اکٹھے ہو کر بھارت کے خلاف جنگ لڑیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بھارت کے لیے پاکستانی فضائی حدود بند کرنا بہترین اقدام ہے، ہم نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کے اعلامیے کی حمایت کی ہے، بھارت کے اقدامات کے مقابلے میں پاکستان نے جو بھی فیصلے کیے ہم حمایت کرتے ہیں،بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرانے سے روکنا بالکل نامناسب ہے، ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے کا حکم دیا تھا۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا مزید کہنا تھا کہ 3 رکنی لارجر بینچ نے حکم دیا لیکن ایک عدالتی حکم پر عمل نہیں ہوا، آپ ایسے وقت میں ایک مقبول لیڈر سے ملاقات نہیں کرنے دے رہے، یہ بہت بڑی بدقسمتی اور عدالتی حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،چیف جسٹس سے درخواست کی کہ اپنے حکم پر عمل کرائیں۔








