اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

اس حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نیا نوٹم جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ نوٹم کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ طیاروں، بھارتی ایئرلائنز کے زیرِ استعمال طیاروں اور بھارت کی ملکیت یا لیز پر لیے گئے طیاروں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود 23 جنوری 2026 تک بند رہے گی۔ اس فیصلے کا اطلاق مسافر، کارگو اور فوجی پروازوں سمیت تمام اقسام کی بھارتی پروازوں پر ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ابتدائی طور پر 23 اپریل 2025 کو بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی اور قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بندش میں مرحلہ وار توسیع کی جاتی رہی ہے۔ موجودہ توسیع اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ذرائع کے مطابق فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو یورپ، مشرق وسطیٰ اور شمالی امریکہ جانے والی پروازوں کے لیے طویل متبادل فضائی راستے اختیار کرنا پڑ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نوٹم کی مدت پوری ہونے پر صورتِ حال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور مستقبل کا فیصلہ حکومت کی ہدایات کی روشنی میں کیا جائے گا۔ اس دوران پاکستان کی فضائی حدود دیگر تمام بین الاقوامی اور ملکی پروازوں کے لیے بدستور کھلی رہے گی۔

Shares: