امریکا کی ریاست ورجینیا میں واقع امریکی فضائیہ کی ایک حساس فوجی تنصیب میں جمعرات کی صبح ایک مشتبہ شخص نے گاڑی کے ذریعے زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

امریکی فضائیہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ یہ واقعہ علی الصبح پیش آیا جب ایک شخص نے بغیر اجازت بیس کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی عملے نے فوری ردِ عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعے میں کسی قسم کے دہشت گردی یا بڑے خطرے کے شواہد نہیں ملے، تاہم مشتبہ شخص سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ واقعے کی نوعیت اور ممکنہ محرکات کا پتہ چلایا جا سکے۔حکام کے مطابق بیس کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار تربیت یافتہ تھے اور ان کی بروقت کارروائی کی بدولت کسی نقصان یا سیکیورٹی خلا سے بچا گیا۔ فوجی بیس کے اندر اور اطراف میں معمول کے مطابق سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

فی الحال مشتبہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ واضح کیا گیا ہے کہ اس کا کسی تنظیم سے تعلق ہے یا نہیں۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید معلومات فراہم کریں گے۔یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا میں فوجی تنصیبات کی سیکیورٹی پر پہلے ہی سخت توجہ دی جا رہی ہے، اور کسی بھی مشکوک حرکت کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔

Shares: