ڈیرہ غازیخان ،باغی ٹی وی (شیزادخان نامہ نگار)محکمہ موسمیات کی طرف سے سات سے 9 جولائی تک ڈی جی خان ڈویژن میں بھی بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے جس کے پیش نظر آٹھ سے 10 جولائی تک دریائے چناب سے ضلع مظفر گڑھ میں فلڈ کےلئے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہےکمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔اجلاس میں ڈی جی خان ڈویژن کے دریاؤں اور رود کوہیوں میں ہائی فلڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جس کے تحت ڈی جی خان ڈویژن میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے شگافوں کو بند کرنے اور ضروری کام کی تکمیل کےلئےبھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔کمشنر ڈی جی خان نے متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں اورچاروں اضلاع میں اربن فلڈنگ سے بھی نمٹنے کے احکامات جاری کردئے گئے ہیں۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دریاؤں اور رود کوہیوں کے سیلاب سے بروقت نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کئے جائیں۔حساس اور نشیبی علاقوں میں سیلاب سے متعلق بروقت اعلانات ،منادی اور آگاہی مہم چلائی جائے۔تحصیل،ضلع اور ڈویژنل کنٹرول روم پی ڈی ایم اے کے ساتھ قریبی رابطہ میں رہیں۔ہر دریا اور رود کوہیوں کےلئے منیجمنٹ پلان مرتب کیا جائے۔محکموں کی طرف سے حساس علاقوں کا مشترکہ سروے اور فرضی مشقیں جاری رکھی جائیں۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ فلڈ کیریئر چینلز اور قدرتی راستوں کی بروقت صفائی کرائی جائے۔نشیبی اور حساس علاقوں سے ابادی کا بروقت انخلاء کرایا جائے۔رود کوہیوں کے دروں اور دریاؤں کی صورتحال کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جائے۔نشیبی اور حساس علاقوں کی آبادی کے بروقت انخلاء کےلئے بروقت تیاریاں مکمل کی جائیں۔فلڈ ریلیف کیمپس کی نشاندہی اور دیگر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔انسانوں کےلئے ضروری ادویات اور مویشیوں کی ویکسینیشن کےلئے اقدامات کئے جائیں۔
کی طرف سے پوسٹ کیا گیاڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی  2003ء سے اب تک  مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے  ہیں  اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں








