اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کوثر کاظمی نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت کے ہمراہ بنگلہ گوگیرہ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر لیگی رہنما چوہدری فیاض ظفر، اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز سمیت دیگر حکام، انجمن تاجران کے نمائندے اور مخیر حضرات بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ترجمان کو سیلاب متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس کے بعد کوثر کاظمی نے افسران اور انجمن تاجران کے نمائندوں کے ہمراہ متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ متاثرین نے امداد پر حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کیمپ میں قائم میڈیکل اور ایجوکیشن کاؤنٹرز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں بہتر طبی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر کوثر کاظمی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود متاثرین حکومت کے مہمان ہیں اور ان کی دیکھ بھال کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ اطمینان بخش ہے کہ متاثرین بہترین سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔