سندھ میں سیلاب کا خطرہ، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ

ٹھٹہ،باغی ٹی وی (نامہ نگاربلاول سموں)سندھ میں سیلاب کا خطرہ، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرادعلی شاہ نے کہا کہ بھارت اور بنگلا دیش سے بننے والا سسٹم 2 دن سے سندھ میں برس رہا ہے جس کے سبب سب سے زیادہ بارش تھرپارکر میں ہوئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بنگلادیش اور بھارت سے آنے والے مون سون کے نظام کی وجہ سے سندھ کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے تھرپارکر سمیت کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین، عمرکوٹ، سانگھڑ اور شہید بینظیرآباد میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا لیے ہیں۔

اپنے ٹھٹہ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹھٹہ، سجاول اور بدین میں صورتحال کافی سنگین ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کو کم سے کم نقصان پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے متاثرین کے لیے گھر بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک لاکھوں گھر بنائے جا چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے ٹھٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر زیر تعمیر کلورٹس کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دولہہ دریا خان سجاول پل پر دریائے سندھ کا بھی جائزہ لیا۔

Leave a reply