گھوٹکی ایٹ میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی اور اوباڑو کے کچے کے علاقے میں سیلاب کا خدشہ ہے، جس کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گڈو اور سکھر بیراج سے پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔

پاک نیوی کی ٹیم کشتیوں کے ذریعے کچے کے علاقوں میں جا کر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کچے کے رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ضروری سامان اور مویشیوں کے ساتھ محفوظ مقامات یا ضلعی انتظامیہ کے قائم کردہ ریلیف کیمپس میں چلے جائیں۔

ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ ریلیف کیمپوں میں تمام ضروری سہولیات دستیاب ہیں۔ متاثرین کو خیمے، مچھردانیاں اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔ حفاظتی بندوں پر پاک نیوی، ریسکیو 1122 اور ریونیو کا عملہ موجود ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔ متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے کشتیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رہائشی کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اوباڑو کے کچے کے رہائشیوں کے لیے کنٹرول روم کا نمبر 0723667187 ہے جبکہ گھوٹکی کے رہائشیوں کے لیے نمبر 0723924020 ہے۔ اس کے علاوہ ضلعی کنٹرول روم کے نمبر 0723661799 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Shares: