کوٹ مبارک میں سیلاب، لوگوں کے گھر زیر آب، راستے بند

کوٹ مبارک،باغی ٹی وی (نامہ نگارامداداللہ تھہیم کی رپورٹ) کوٹ مبارک اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں حالیہ بارشوں کے باعث سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ پل شیخانی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سیلابی پانی نے چاول کی فصل کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

اسی طرح یارو کھوسہ شہر کے محلہ مغربی، جلب والہ، علی خان والہ، واڑی والہ، چاہ بجروالہ، لوہار والہ اور مانکہ کینال کے مغربی سائیڈ پر واقع دیگر مقامات پر بھی سیلابی پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ خاص طور پر چاہ بجروالہ اور لوہار والہ کے رہائشی سابق کونسلر محمد رمضان عمرانی کے گھر میں پانی داخل ہو جانے سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مانکہ کینال کے مغربی پشتے پر پانی کا سطح بہت زیادہ بڑھ گئی ہے کیونکہ مغرب سے آنے والا تمام سیلابی پانی اسی علاقے میں جمع ہو جاتا ہے۔ اس سے سینکڑوں لوگوں، خاص طور پر خواتین، بچوں، بوڑھوں اور بیمار افراد کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہر سال سیلاب کے دوران یہی صورتحال پیدا ہوتی ہے اور مانکہ کینال میں پانی کا سطح بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ لوگوں نے مانکہ کینال پر خود ساختہ بند اور مکانات بنا رکھے ہیں جس کی وجہ سے پانی کا بہاؤ روک جاتا ہے اور سیلاب کی شدت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کا نوٹس لیں اور مانکہ کینال پر بنائے گئے خود ساختہ بندوں کو توڑوا کر پانی کا بہاؤ بحال کیا جائے تاکہ انہیں اس مشکل صورتحال سے نجات مل سکے۔

Leave a reply