فلور ملز کو گندم کی ترسیل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ سیکرٹری خوراک پنجاب

فلور ملز کو گندم کی ترسیل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ سیکرٹری خوراک پنجاب

سیکرٹری خوراک پنجاب شہریار سلطان نے کہا ہے کہ گندم اور آٹے کی اوپن مارکیٹ میں دستیابی اور سہولت بازاروں میں سستے داموں فراہمی جاری رکھنے کیلئے محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ اقدامات کر رہے ہیں۔ اس ضمن میں گندم کی فلور ملوں کو روزانہ کی بنیاد پر ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے جبکہ حکومت اور فلور ملز کے پاس گندم کا وافر سٹاک موجود ہے۔ ایک محکمانہ جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ سال گندم کی سرکاری سطح پر خرید کا نیا طریقہ کار بھی وضع ہو رہا ہے۔ مارچ اپریل تک صوبے کی ضرورت کے مطابق گندم سٹاک کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جا رہا ہے۔ شہریار سلطان نے کہا کہ گندم کوٹہ میں اضافے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 8 رکنی نئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کوٹہ کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر خوراک کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی میں محکمہ خوراک ، محکمہ خزانہ اور محکمہ زراعت سے افسران شامل کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم ترسیل کے عمل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ عوام کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Comments are closed.