گوجرانوالہ : فلور ملز ایسوسی ایشن کے تمام جائز مطالبات صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھا رہے ہیں۔ طارق قریشی

گوجرانوالہ ،باغی ٹی وی ( نامہ نگار محمد رمضان نو شاہی )چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور کمشنر گوجرانوالہ ڈوثرن نوید حیدر شیرازی کی ہدایات کی روشنی میں ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس طلب کر کے ملز مالکان کو طلب کر لیا ہے اسی ضمن میں ڈی سی دفتر میں منعقدہ اجلاس میں اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ فلور ملز ایسوسی ایشن کے تمام جائز مطالبات صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھا رہی ہے،

جب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوجاتا تب تک فلور ملز ایسوسی ایشن ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے شہر و ضلع میں آٹےکی وافر دستیابی کو یقینی بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے تاکہ مہنگائی سے پسی ہوئی عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے ٹیکسز میں اضافے کیخلاف دی گئی ہڑتال کی کال کو عوامی مفاد میں موخر کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مطاہر امین وٹو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ سمیت فلور ملز مالکان اور دیگر شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن کے تمام جائز مطالبات کو حکومت پنجاب تک پہنچایا جا رہا ہے اور دیگر جائز مطالبات کو بھی صوبائی حکومت تک پہنچایا جائے گا،

ضلعی انتظامیہ امید کرتی ہے کہ فلور ملز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ و وزیرآباد میں حکومت پنجاب کی جانب سے مقرر کیے گئے نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ وزیراعظم پاکستان کے علم میں ہے اور وہ فلور ملز ایسوسی ایشن پاکستان سطح کی قیادت سے اس بارے گفتگو کر رہے ہیں تاکہ اس کا کوئی حل نکالا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ان ٹیکسز کے علاوہ اور بھی جو جائز مطالبات ضلعی انتظامیہ سطح پر ہیں انہیں آپسی مشاورت سے حل کریں گے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و وزیرآباد کو یقینی دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کررہے ہیں اور آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلور ملز مالکان اور ان کی انتظامیہ مشکل حالات کے باوجود شہر میں سپلائی جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ضلع میں کہیں آٹا کی قلت پیدا نہ ہو۔

Comments are closed.