فوج نے سیاسی معاملات پر اپوزیشن کو واضح پیغام دے دیا ، شیخ رشید
فوج نے سیاسی معاملات پر اپوزیشن کو واضح پیغام دے دیا ، شیخ رشید
باغی ٹی وی : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ چند روز قبل پارلیمنٹ میں ہونے والی میٹنگ کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپوزیشن کو واضح کہا کہ ہمیں سیاست میں نہ لائیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’نقطہ نظر‘ میں خصوصی گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ چند روز قبل ہونے والی میٹنگ میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپوزیشن کو واضح طور پر کہا کہ نیب اور چیف الیکشن کمیشن سے متعلق ہمارا کوئی تعلق نہیں ، آپ جانے یا وہ جانیں۔
پروگرام میں بات کو جاری رکھتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ میٹنگ کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے مولانا فضل الرحمن کے بیٹے اسعد الرحمن کو کہا کہ ایک طرف اسمبلیوں کے خلاف، دوسری طرف آپ کے والد اسی اسمبلی سے صدارتی امیدوار تھے،
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات ہوئی۔ عسکری قیادت نے ملک کی سیاسی قیادت کو واضح طور پر بتایا کہ پاک فوج کا سیاسی عمل سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی تعلق نہیں ہے۔
ملاقات میں گلگت بلتستان کے انتظامی امور اور قومی سلامتی سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔ عسکری قیادت نے ملاقات میں پاک فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ الیکشن ریفارمز، نیب اور سیاسی معاملات میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ اس حوالے سے یہ کام سیاسی قیادت نے خود کرنا ہے۔عسکری قیادت کی طرف سے اس عزم کو دہرایا گیا کہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج ہمیشہ سول انتظامیہ کی مدد کرتی رہے گی۔ عسکری قیادت نے اس موقع پر نیشنل ایکشن پلان پر تیز تر اور موثر عملدرآمد پر زور دیا.
عسکری قیادت کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن ریفارمز، نیب، سیاسی معاملات سیاسی قیادت نے خود دیکھنے ہیں۔
آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات گزشتہ ہفتے ہوئی تھی ، ملاقات میں بلاول بھٹو،شہبازشریف ،شاہ محمود قریشی ، سراج الحق، اسعدالرحمان ، شیری رحمان،خواجہ آصف ،شیخ رشید ،اےاین پی رہنما شریک تھے.