اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے تمام اداروں کو باہمی ربط کے ساتھ ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواداری، محبت اور باہمی برداشت کو فروغ دے کر ہی معاشرے میں پائیدار امن قائم رکھا جا سکتا ہے، اور اس ضمن میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی و دیگر انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پولیس سمیت تمام وفاقی و صوبائی اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی، تجاوزات کا خاتمہ، لٹکتی ہوئی بجلی، ٹیلی فون و کیبل کی تاروں کو اونچا کرنے، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و تنصیب، پیچ ورک، طبی امداد کی فراہمی، اور پورٹ ایبل واش رومز کی بروقت تنصیب یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان ایام میں پولیس کے علاوہ واپڈا، سوئی گیس، محکمہ صحت، سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو بھی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے تینوں تحصیلوں کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے تناظر میں مشینری کو فنگشنل رکھا جائے اور فیلڈ اسٹاف کو الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق عاشورہ محرم کے دوران عزاداروں، ماتمی حضرات اور جلوسوں کے شرکاء کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی، اور ضلعی انتظامیہ اس سلسلے میں مثالی اقدامات کرے گی۔