خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے معروف فٹبال کھلاڑی محمد ریاض سے ملاقات کی، جنہوں نے فٹبال کے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ محمد ریاض کا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے اور حالیہ دنوں میں وہ اپنے خاندان کا گزر بسر کرنے کے لیے جلیبی کی دوکان پر کام کر رہے تھے۔
محمد ریاض کی زندگی میں ایک نیا موڑ اُس وقت آیا جب سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ جلیبی کی دوکان پر کام کرتے نظر آ رہے تھے۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے اس کا نوٹس لیا اور محمد ریاض کو سی ایم ہاؤس بلا کر ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے محمد ریاض کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں 10 لاکھ روپے کا امدادی چیک دیا تاکہ ان کی مالی حالت بہتر ہو سکے اور وہ اپنے فٹبال کے کیریئر پر توجہ مرکوز کر سکیں۔ اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ نے محمد ریاض کو محکمہ اسپورٹس کے تحت فٹبال کوچ کی ذمہ داری بھی سونپی، تاکہ وہ اپنے تجربات اور مہارت کو نئے کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کر سکیں اور خیبر پختونخوا میں فٹبال کے کھیل کو فروغ دے سکیں۔
محمد ریاض کی یہ کہانی ایک مثال بن گئی ہے کہ کس طرح محنت اور لگن سے انسان حالات کا مقابلہ کر کے کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی طرف سے دی جانے والی امداد اور نئی ذمہ داری سے محمد ریاض کو نہ صرف مالی مدد ملی ہے بلکہ ان کے لیے ایک نئی زندگی کے دروازے بھی کھل گئے ہیں۔یہ اقدام خیبر پختونخوا حکومت کی اسپورٹس کے فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے عزم کا عکاس ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وہ صوبے میں نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اس طرح کے اقدامات کرتے رہیں گے۔