پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کہا ہے کہ وہ ہمیں مجبور نہ کریں کہ ہم بتادیں کہ کس نے آپ کو وزیراعظم بننے کا خواب دکھایا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو نے وزیر خارجہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر صاحب ہمیں پتا ہے آپ نے اپنا سیاسی لوہا کیسے منوایا ہے۔ پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہمیں سب پتا ہے، وفاقی وزیر صاحب آپ نے ہماری جماعت کیوں چھوڑی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر اب بھی پی ٹی آئی یا عمران خان کا نہیں اپنا سیاسی لوہا منوانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیرنے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی سے صوبائی تعصب کی بو آتی ہے، یہ سندھ کارڈ کھیلتے ہیں، میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب میں جنوبی پنجاب اور بلوچستان کی پسماندگی کی بات کرتا ہوں تو مجھ پر بلوچستان اور جنوبی کارڈ کھیلنے کا الزام کیوں نہیں لگاتے؟

Shares: