مزید دیکھیں

مقبول

فارم 47 کی نہیں فارم 45 کی حکومت بنائی جائے۔ حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ڈسڑکٹ بارفیصل آباد سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 جولائی کو اسلام آباد حق لینے آ رہے ہیں، خیرات نہیں اپنا حق لیں گے، دھرنا دیں گے اور عوام کا حق لیے بغیر نہیں اٹھیں گے۔ سیاسی پارٹیاں اپنے اندر انتخابات نہیں کراتیں، جمہوریت کی باتیں کرتی ہیں، جعلی مینڈیٹ والی حکومت کوقوم کے سر پر بٹھا دیا گیا، ملک پہلے ہی بہت پیچھے جا چکا، فارم 47 کی نہیں فارم 45 کی حکومت بنائی جائے۔ ہم پرامن سیاسی مزاحمت پر یقین رکھتے ہیں۔ عوام کے حق کیلئے جمہوری آئینی جدوجہد کا راستہ اختیار کریں گے، جمہوریت صرف جماعت اسلامی اور وکلا کے طریقہ انتخاب میں ہے۔وکلاء اور شہریوں کی فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کے قیام کے مطالبہ کی مکمل حمائت کرتے ہیں۔

اس موقع پرصدرڈسٹرکٹ بارمیاں انوارالحق،سیکرٹری رانامرتضی حکیم،ممبرپنجاب بارفاروق ڈوگر،امیرجماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری،ضلعی امیرمحبوب الزماں بٹ نے بھی خطاب کیا۔

آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے ظالمانہ معاہدے فی الفور مذاکرات کرکے ختم کیے جائیں،حافظ نعیم
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف سے کیے گئے خفیہ معاہدے قوم کے سامنے لائے جائیں۔ ظالمانہ ٹیرف، سلیب سسٹم اور آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں۔ آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے ظالمانہ معاہدے فی الفور مذاکرات کرکے ختم کیے جائیں، تنخواہ داروں پر ٹیکسز واپس لیے جائیں، بجلی کا ٹیرف کم کیا جائے، عوام کو سولر سسٹم نہیں ڈائریکٹ ریلیف دیا جائے۔ حکومت اگر الیکشن میں چوری کو تسلیم کرتے ہو ئے فارم 45 کی حکومت بنائے۔ جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے،فارم 45 کی بنیاد پر حکومت تشکیل دی جائے جمہوری ریاست میں حق حکمرانی صرف عوام کا ہے۔ موجودہ صورت حال میں وکلا کی نمائندہ بار کونسلز کو سیاسی جماعتوں کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونا چاہیے، ملک میں مسلط شدہ طرز حکمرانی ناکام ہوچکا، حالات کو بے قابو ہونے سے بچایا جائے، عوام کو ان کا حق دیا جائے، ٹیکس چور اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھا ہے، تنخواہ دار 375 ارب روپے سالانہ انکم ٹیکس دیتا ہے اور جاگیر دار صرف 4 فیصد ٹیکس کیوں دیتا ہے۔یہاں تعلیم و صحت کو عوام سے دور کر دیا گیا ہے۔ نہ تعلیم ہے اور نہ صحت، تمام شعبوں میں یہ فیل ہو چکے۔ 2 کروڑ 77 لاکھ بچے بنیادی تعلیم سے محروم ہیں، عوام پر بجلی ہی نہیں بجلی کے بم گرائے جا رہے ہیں۔ آج ان لوگوں نے معیشت کا بیڑہ غرق کیا ہے جو پچھلے 77 سال سے قابض ہو کر اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ ہم ڈاکے سے وجود میں آنے والی حکومت سے کہتے ہیں آپ کو کوئی حق حکمرانی نہیں۔ مہنگی بجلی اور کیپسٹی چارجز کے نام پر عوام کی جیب پر ڈاکا کیوں ڈالتے ہو۔ پے درپے ٹیکسز نے قوم کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ 80 فیصد نوجوان آبادی رکھنے والا ملک تباہی کے دہانے پر ہے۔ پاکستان کا نوجوان مایوس ہو رہا ہے۔ جو طبقہ اس ملک پر 78 سال سے قابض ہے اس نے یہ حال کیا ہے۔ ملک میں بجلی گیس اور پانی کا بحران ہے۔ ملک میں تیل و گیس کے ذخائر موجود ہیں لیکن ڈرلنگ نہیں کی جا رہی۔ کیونکہ یہ مافیا آئی ایم ایف اور بیرونی آقاؤں کے رحم و کرم پر چلنے اور پلنے والی کمپنیوں پر مہربان ہے جو ملک میں انرجی کے ذخائر سے فائدہ نہیں اٹھانے دے رہے۔ حکومت پاک ایران گیس پائپ لائن پر کیوں آگے نہیں بڑھ رہی۔ یہ منصوبہ جلد اور فوری مکمل ہونا چاہیے۔ ملک کی صنعتیں، ادارے اور انڈسٹری تباہ ہو گئی ہے۔ ہم اسلام آباد میں دھرنا دیں گے اور ظالمانہ ٹیکسوں کی واپسی تک نہیں اٹھیں گے۔ ہم تنخواہ داروں، مزدوروں، کسانوں، تاجروں، صنعتکاروں کے حق کے لیے اسلام آباد آ رہے ہیں۔ جو اشرافیہ ملک کو لوٹ کر کھا رہے ان کے خلاف حق دو عوام کو تحریک شروع کر رہے ہیں۔ حق دو عوام کو تحریک سے پاکستان کے عوام کو حق دلائیں گے۔جماعت اسلامی آپ کا پلیٹ فورم ہے،جماعت اسلامی نے اس ملک کیلئے خون دیا ہے،ہمیں حب الوطنی نہ سیکھائیں۔انہوں عزہ کے مسلمان جو قربانیاں دے رہے ہیں،اپنے حصے کا کام کریں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں فلسطینیوں کی مدد کریں، فلسطین کے لوگوں کی طرف دیکھو اور کھل کر مزاحمت کرو انشاء اللہ کامیابی ملے گی۔

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan