اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان ) حادثے میں سابق ایم این اے علی حسن گیلانی سمیت2 جاں بحق ،3 زخمی
تفصیل کے مطابق اوچ شریف میں نبی پور کے قریب ٹریفک حادثے میں پاکستان پیپلز پارٹی بہاولپور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی سمیت دو افراد جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ مبینہ طور پر فارچونر گاڑی کے سڑک کنارے کھڑے لوڈر ڈالے سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سابق ایم این اے سید علی حسن گیلانی اور دنیا پور کے اکبر خان شامل ہیں۔سید علی حسن گیلانی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اوچ شریف جا رہے تھے۔ زخمیوں میں میاں سلطان، حنیف اور جند وڈا شامل ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ڈیڈ باڈیز اور زخمیوں کو فوری طور پرہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سابق ایم این اے کی نماز جنازہ سہ پہر 4 بجے غوث الاعظم گراؤنڈ اوچ شریف میں ادا کی گئی، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مقامی اور غیر مقامی سیاستدانوں، پارٹی رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے جنازے میں شرکت کی۔ شہریوں نے اس جنازے کو اوچ شریف کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع قرار دیا ہے۔ متوفی کو دربار حضرت محبوب سبحانی کے اندر ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔








