اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز بلے باز سلیم الٰہی اوکاڑہ کینٹ پہنچے جہاں انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فہیم اسلم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اوکاڑہ کینٹ میں کرکٹ اکیڈمی کے قیام اور مقامی سطح پر کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلیم الٰہی نے کہا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ وہ نشے جیسے معاشرتی برائیوں سے بچ کر اچھے سپورٹس مین بن سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ بطور سابق قومی کھلاڑی نوجوانوں کی تربیت کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہیں۔
چیف ایگزیکٹو فہیم اسلم نے اس موقع پر کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ جلد کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا عمل شروع کرے گا تاکہ علاقے کے باصلاحیت نوجوانوں کو مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اس ملاقات میں مرزا ساجد نثار بیگ، چوہدری شفیق احمد، چوہدری عمیر خادم، ندیم انور بھٹی، ملک افتخار احمد، عارف چوہدری، میاں ناصر محمود، اطہر اقبال چوہدری، ارحم کاشف گجر، چوہدری فاطر محمود اور سینئر صحافی خالد شاہین فریدی بھی موجود تھے۔
سلیم الٰہی نے کینٹ بورڈ کے کرکٹ گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور اس کی تعمیر و بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ جلد نوجوان کھلاڑیوں کے لیے باقاعدہ ٹریننگ سیشنز کا آغاز کیا جائے گا۔ آخر میں مرزا ساجد نثار بیگ کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ضیافت دی گئی جس پر سلیم الٰہی نے ان اور فہیم اسلم کی شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔








