ویسٹ انڈیز کے معروف سابق آل راؤنڈر برنارڈ جولین 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے کرکٹ کے شائقین اور سابق کھلاڑیوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برنارڈ جولین کی موت کی وجوہات سے متعلق کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اور سابق ساتھی کھلاڑیوں نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔برنارڈ جولین نے 1973 سے 1977 کے دوران ویسٹ انڈیز کی جانب سے 24 ٹیسٹ میچز اور 12 ون ڈے میچز میں نمائندگی کی۔ وہ 1975 کے افتتاحی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے، جہاں ان کی آل راؤنڈ کارکردگی نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ان کے کیریئر میں ایک افسوسناک موڑ 1982 میں آیا، جب وہ جنوبی افریقہ کا دورہ کرنے والی باغی ٹیم کا حصہ بنے، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ان پر تاحیات پابندی عائد کر دی۔
پابندی کے بعد برنارڈ جولین نے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لی اور خاموش زندگی گزارتے رہے۔ ان کے انتقال پر ویسٹ انڈیز کرکٹ حلقوں میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ شائقین انہیں ایک نڈر آل راؤنڈر اور ورلڈکپ ہیرو کے طور پر یاد کر رہے ہیں۔کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ برنارڈ جولین کا شمار اُن کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 1970 کی دہائی میں ویسٹ انڈین ٹیم کو عالمی سطح پر طاقتور بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔