ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی ہمدردی اور فلاح عامہ کی شاندار روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے صحت عامہ کے شعبے میں ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے۔ "وزیراعلیٰ انسولین کارڈ پروگرام” کے تحت اب ٹائپ ون ذیابیطس میں مبتلا بچوں کو نہ صرف مفت انسولین فراہم کی جا رہی ہے بلکہ یہ زندگی بچانے والی دوا اور اس سے منسلک ضروری طبی سامان براہ راست ان کے گھروں تک پہنچایا جا رہا ہے۔ اس عظیم الشان اقدام کا مقصد ان معصوم جانوں کو تکلیف دہ سفر، قطاروں، دھوپ اور انتظار کی اذیت سے بچا کر باعزت، باوقار اور بروقت علاج مہیا کرنا ہے۔
یہ صرف ایک منصوبہ نہیں، بلکہ ماں جیسے احساس سے جڑا وہ عمل ہے جو ریاستی سطح پر بچوں کی صحت کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع ننکانہ صاحب میں بھی یہ مہم زور و شور سے جاری ہے، جہاں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم آختر راؤ کی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے ضلع بھر میں گھر گھر انسولین پہنچانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ان ٹیموں کی نگرانی انچارج این سی ڈی اے ڈاکٹر راؤ سکندر اور فوکل پرسن نواز دیرتھ کر رہے ہیں، تاکہ کسی بھی بچے کا علاج کسی بھی لمحے متاثر نہ ہو اور وہ ایک محفوظ، خوشحال اور صحت مند زندگی کی طرف گامزن ہو سکے۔
اس انسان دوست پروگرام کا باقاعدہ افتتاح سٹی ننکانہ کے تین بچوں، ابو ہریرہ، عائشہ اور فاطمہ کے گھروں سے کیا گیا، جہاں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے خود ان کے دروازے پر انسولین پہنچا کر اس مشن کا عملی مظاہرہ کیا۔ یہ مناظر صرف دوا کی فراہمی نہیں تھے بلکہ ایک ریاستی عزم کا مظہر تھے جو ثابت کر رہے ہیں کہ پنجاب میں اب علاج عزت سے، بغیر سفارش اور گھر کی دہلیز پر دستیاب ہے۔ یہ وہ قدم ہے جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی جب پنجاب کی بیٹی نے پنجاب کے بچوں کو اپنے بچوں کی طرح سمجھا اور ان کی صحت کا ذمہ اٹھایا۔