گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) سینٹرل جیل میں قیدیوں کے لئے 6 روزہ فری میڈیکل کیمپ کاافتتاح کیا گیا،کیمپ کا انعقاد وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف اور وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کے احکامات پر کیا گیا

ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے ایم پی اے محمد نواز چوہان، معظم راؤف مغل اور سپرنٹینڈنٹ سنٹرل جیل جام محمد آصف کے ہمراہ فری میڈیکل کیمپ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنرنے بتایا کہ فری میڈیکل کیمپ میں ہیپاٹائٹس بی، سی، ایچ آئی وی /ایڈز، بلڈ پریشر، شوگر اور ٹی بی سمیت دیگر امراض کے ٹیسٹ سمیت علاج مفت فراہم کیا جائے گا۔ پنجاب بھر کی طرح سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں بھی قیدیوں کی صحت کو پرکھتے ہوئے درکار علاج معالجے کو ممکن بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے عوامی نمائندوں کے ہمراہ سینٹرل جیل کے دورہ کے موقع پر جیل ہسپتال کے مختلف شعبوں، ڈسپنسری، لیبارٹری اور کچن کا بھی دورہ، کچن کے دورہ کے دوران انہوں نے کھانے کے معیار اور ہفتہ بھر کے تینوں اوقات کے مینیو کو بھی چیک کیا۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر معیز منصور نے کہا کہ سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں 6 روزہ فری میڈیکل کیمپ کے دوران 3200 قیدیوں کی سکریننگ کی جائے گی۔ قیدیوں کی سکریننگ کے بعد ان کے علاج معالجہ کے لیے بھی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قیدیوں کی صحت اور جیل میں صفائی ستھرائی کے انتظامات قابل ستائش ہیں۔جیل قیدیوں کا تحفظ، درکار صحت و تعلیم اور دیگر سہولیات کی فراہمی ریاست اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔حکومت پنجاب کی ہدایات پر ہیلتھ کیمپ کا انعقاد خوش آئند ہے، تمام قیدیوں کی سکریننگ کو 100فیصد یقینی بنایا جائے،

ایم پی اے محمد نواز چوہان، معظم راؤف مغل کا کہنا تھا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف بنیادی زندگی کے تمام شعبوں میں انقلابی اقدامات کر رہی ہیں۔وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کی لیڈر شپ اور وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کے احکامات پر صحت کے شعبے میں شہریوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت کی دستک عوام کی دہلیز پر (کلینک آن وہیل)اور اب جیل کے قیدیوں کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا آغاز انقلابی اقدام ہے۔ جیل کے قیدیوں کے لیے فری میڈیکل کیمپ سے نہ صرف قیدیوں کی امراض کی تشخیص ہوگی بلکہ انہیں علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

ایم پی اے محمد نواز چوہان، معظم رؤف مغل کا مزید کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے جیل میں صفائی ستھرائی، کھانے اور دیگر تمام تر انتظامات قابل ستائش ہیں۔

Shares: