ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام بستی گجوجی، یونین کونسل چھابری بالا میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں 650 مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا۔ کیمپ میں تین ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیا، جبکہ خواتین کے لیے علیحدہ لیڈی ڈاکٹر نے نہ صرف چیک اپ کیا بلکہ 48 مفت الٹراساؤنڈ ٹیسٹ بھی کیے۔

فری کیمپ کے دوران 80 سے زائد لیبارٹری ٹیسٹ بھی مفت فراہم کیے گئے اور مریضوں کو مفت ادویات بھی دی گئیں۔ کیمپ میں جسمانی بیماریوں کے ساتھ ساتھ روحانی مسائل کے حل کے لیے روحانی کاؤنٹر بھی قائم کیا گیا، جہاں روحانی رہنمائی فراہم کی گئی۔

الفلاح فاؤنڈیشن سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کا ذیلی ادارہ ہے جو شیخ المکرم حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کی سرپرستی میں ملک بھر میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کر رہا ہے۔ بستی گجوجی کے عوام نے اس کاوش کو محبت، عقیدت اور شکر گزاری کے جذبات کے ساتھ سراہا۔

کیمپ کی کامیابی میں ڈویژنل صدر ڈاکٹر نوید اصف یوسفی کی قیادت میں الفلاح فاؤنڈیشن، تنظیم الاخوان اور سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے کارکنان نے بھرپور محنت اور لگن سے اپنے فرائض انجام دیے۔ خصوصی طور پر عابد بھائی کا تذکرہ کیا گیا جنہوں نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، میزبانی کے فرائض ادا کیے اور ہر ممکن سہولیات فراہم کیں۔

آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ ان تمام کارکنان کو جزائے خیر عطا فرمائے، ان کی خدمات قبول فرمائے اور فلاحی کاموں کے لیے مزید توفیق عطا کرے۔ آمین یا رب العالمین۔

Shares: