میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی رپورٹ)میرپور ماتھیلو کے قریب مال بردار ٹرین کا انجن اور چار بوگیاں اچانک ٹریک سے اتر گئیں، جس کے باعث اپ اور ڈاؤن ریل ٹریک بند کر دیے گئے، اور متعدد مسافر ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر روک دی گئیں۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب پنجاب سے کراچی جانے والی مال گاڑی گھوٹکی کے قریب پہنچی تو اس کی بوگیاں انجن سے الگ ہو کر پٹری سے اتر گئیں، جبکہ حادثے کے مقام پر ٹریک بھی اکھڑ گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی روہڑی سے ریلیف ٹرین طلب کر لی گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ اپ اور ڈاؤن ٹریک کی بندش کے باعث مسافر ٹرینوں کو مختلف مقامات پر روک دیا گیا، جن میں:
عوام ایکسپریس کو لیاقت پور ریلوے اسٹیشن،پاک بزنس ٹرین کو صادق آباد،قراقرم ایکسپریس کو ولہار،کراچی ایکسپریس کو خان پور،ملتان جانے والی ذکریا ایکسپریس کو سانگھی،لاہور جانے والی تیزگام ایکسپریس کو گھوٹکی،لاہور جانے والی فرید ایکسپریس کو روہڑی اسٹیشن شامل ہیں۔ تیز گام ایکسپریس 7 گھنٹے 30 منٹ جبکہ فرید ایکسپریس 6 گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہوئی۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے، اور کراچی سے پنجاب جانے والی اپ ٹریک بحال کر دی گئی ہے، جس پر ریلوے آپریشن جزوی طور پر بحال ہو چکا ہے۔ اسٹیشن ماسٹر کے مطابق ڈاؤن ٹریک کی مرمت اور بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور جلد مکمل ہونے کی توقع ہے۔
علاوہ ازیں شاہ حسین ایکسپریس کو اپ اور ڈاؤن دونوں روٹس پر معطل کر دیا گیا ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا۔