ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ)ممتاز دینی و سیاسی شخصیت، پروفیسر سینیٹر علامہ ساجد میر رحمہ اللہ گزشتہ روز بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ ان کے انتقال پر ملک بھر میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی۔ ڈیرہ غازی خان میں ان کی یاد میں غائبانہ نمازِ جنازہ کا انعقاد اتوار کے روز دوپہر 2 بجے کلیتہ البنات ڈیرہ غازی خان میں کیا گیا۔
نمازِ جنازہ کی امامت شیخ الحدیث، استاذ العلماء حضرت مولانا مفتی عطا اللہ اعوان حفظہ اللہ نے کی، جس میں ڈیرہ غازی خان اور مضافاتی علاقوں سے سینکڑوں علما کرام، سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں، کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ڈیرہ غازی خان اور اہلِ حدیث یوتھ فورس کے ضلعی قائدین، جن میں مولانا قاری خالد محمود اظہر، مولانا قاری یاسین حیدر، حافظ عبد الکریم، قاری نذیر احمد مدنی، حاجی عبد المتین بھٹہ، حافظ احمد حسن ایڈووکیٹ، حاجی محمد لطیف سپل، محمد زاہد قریشی، قاری محمد زاہد، حبیب راشدی، قاری محمد آصف میر، قاری محمد اسماعیل محمدی، عبد الستار بھٹی اور دیگر شامل تھے، نے نمازِ جنازہ میں شرکت کر کے مرحوم کی دینی و قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
شرکاء نے امیر محترم پروفیسر ساجد میر رحمہ اللہ کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی اور ان کے لواحقین، خصوصاً ڈاکٹر حافظ عبد الکریم حفظہ اللہ، مرکزی ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ایک مدبر، جری اور علمی قائد سے محروم ہو گئی ہے، اور ہم اس عظیم سانحہ پر پسماندگان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔