دہشت گردوں کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ڈیرہ بن میں ہونے والے خفیہ آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر (عمر 30 سال، تعلق ضلع کوئٹہ) کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں ادا کی گئی۔
نمازِ جنازہ میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز، ہلالِ جرات)، وفاقی وزیر اطلاعات، سینئر عسکری و سول افسران، اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ “فتنہ الخوارج یا کسی بھی گمراہ نظریے کے حامل گروہ کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ہمارے شہداء کے خون نے اس عزم کو مزید مضبوط کیا ہے کہ ہم وطنِ عزیز پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہر فتنہ اور انتشار کے ایجنٹ کو ناکام بنائیں گے۔”
میجر سبطین حیدر شہید کو ان کے آبائی علاقے کوئٹہ میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، شہید نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ڈیرہ بن میں بھارتی پراکسی تنظیم “فتنہ الخوارج” کے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔ پاک فوج نے عزم دہرایا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مشن جاری رہے گا۔