بنوں: شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل پشم خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی

ڈیرہ اسماعیل خان ،باغی ٹی وی (نامہ نگار)بنوں، شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل پشم خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئی، پولیس کے چاق وچوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی-
تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہادت کا مرتبہ پانے والے پولیس ہیڈ کانسٹیبل پشم خان کی نماز جنازہ بنوں پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کیساتھ ادا کردی گئی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں ڈاکٹر محمد اقبال، اعلیٰ فوجی ،سول حکام و دیگر پولیس افسران اور مقامی افراد نے کثیر تعداد میں جنازے میں شرکت کی۔ڈی پی او بنوں اور پاک فوج کے آفسران نے قومی پرچم میں لپٹے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور ان کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی۔ واضح رہے کہ شہید پولیس ہیڈ کانسٹیبل پشم خان تھانہ ڈومیل میں تعینات تھے۔ جو آج دوران گشت دہشتگردوں کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہوگئے۔ جبکہ دوسرا اہلکار شاہ ولی خان زخمی ہوئے تھے جنہیں علاج معالجے کی خاطر خلیفہ گلنواز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ شہید پولیس اہلکار پشم خان کے جسد خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے کو روانہ کر دیا گیا ہے جہاں پر شہید کو پورے سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں ڈاکٹر محمد اقبال نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکار پشم خان جیسے جوان ہمارا فخر ہیں۔ جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی و بقا کی خاطر اپنی جان قربان کردی۔ ہم ان جانبازوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ دہشتگرد اپنے ناپاک عزائم سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

Leave a reply