گلگت بلتستان میں شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں کے باعث متعدد اہم شاہراہیں متاثر ہو گئی ہیں۔ ان حالات میں پاک فوج اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) نے متاثرہ علاقوں میں فوری ریسکیو اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
ایف ڈبلیو او اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی مشترکہ ٹیمیں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اہم سڑکوں کی بحالی اور راستے کھولنے میں مصروف ہیں تاکہ علاقے کی رابطہ کاری بحال ہو سکے۔ قراقرم ہائی وے پر پاک فوج اور انتظامیہ کے تعاون سے ملبہ ہٹانے اور راستے کھولنے کے کام جاری ہیں۔قراقرم ہائی وے کے مختلف حصوں پر خاص طور پر تھلیچی سے چلاس تک کئی مقامات کو کلیئر کر دیا گیا ہے، جہاں ملبہ اور سیلابی ریلے نے راستے بند کر رکھے تھے۔ اس کے علاوہ تتہ پانی اور جلی پور میں بھی روڈ کلیرئنس کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔گندالو نالہ پر تین مقامات بند ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں کو مشکل پیش آ رہی ہے، تاہم بھاری مشینری جلد ہی وہاں روانہ کی گئی ہے تاکہ روڈ کو کلیئر کیا جا سکے۔ پاسو گاؤں میں بھی تباہ شدہ روڈ کی بحالی کے لیے کام جاری ہے، تاکہ لوگوں کی آمد و رفت میں سہولت فراہم کی جا سکے۔
جگلوٹ سے سکردو جانے والی روڈ کو مکمل کلیئر کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے، جو علاقے کی رابطہ کاری کے لیے انتہائی اہم ہے۔پاک فوج، ایف ڈبلیو او، این ایچ اے اور انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقوں میں فوری ریسکیو آپریشنز جاری ہیں، جس سے نہ صرف انسانی جانوں کے تحفظ میں مدد ملی ہے بلکہ متاثرہ شاہراہوں کی جلد از جلد بحالی کی امید بھی پیدا ہوئی ہے۔