گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) شماریات کے عالمی دن کے موقع پر بیورو آف سٹیٹسٹکس ریجنل آفس گوجرانوالہ کی جانب سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کا آغاز جناح اسٹیڈیم سے ہوا اور اختتام ڈپٹی کمشنر آفس پر کچہری روڈ کے راستے کیا گیا۔

آگاہی واک کی قیادت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کی، ان کے ہمراہ اراکین صوبائی اسمبلی عمران خالد بٹ، چوہدری قیصر اقبال سندھو، اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شبیر حسین بٹ شریک تھے۔ چیف سٹیٹسٹیکل آفیسر سمیت بیورو آف سٹیٹسٹکس کے افسران و عملہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھا۔

شرکاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ منصوبہ بندی اور پالیسی سازی میں درست اور بروقت شماریاتی معلومات کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ مستند اعداد و شمار کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ واک کا مقصد عوام میں شماریات کی اہمیت اجاگر کرنا اور ہر سطح پر بہتر فیصلہ سازی کو فروغ دینا تھا۔

Shares: