گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، محمد رمضان نوشاہی) کمشنر سید نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت ڈویژنل امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد فرقان، ڈویژنل ایڈمنسٹریٹر اوقاف شاہد حمید ورک، زونل خطیب اوقاف محمد اسلم ساقی، ممبرانِ امن کمیٹی علامہ خالد حسن مجددی، سعید احمد سعیدی، محمد یوسف کھوکھر، حافظ شاہد فاروق بٹ، پروفیسر شہزاد لارنس سمیت مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں شہر میں امن و امان کے قیام، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی طے کی گئی۔ کمشنر نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ گوجرانوالہ کے عوام باشعور اور امن پسند ہیں، اگر تمام مکاتبِ فکر کے رہنما اسی جذبے سے کام کرتے رہیں تو ڈویژن بھر میں امن کی مثال قائم کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام، ربیع الاول اور دیگر مذہبی مواقع پر باہمی نظم و ضبط اور تعاون ہی امن کی ضمانت ہے۔
ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز مواد پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہو رہا ہے۔ علمائے کرام اور امن کمیٹی ارکان نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محبت، اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام عام کرتے رہیں گے تاکہ گوجرانوالہ امن و استحکام کی راہ پر گامزن رہے۔








