گوجرانوالہ :ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر اور گرین سٹار کے باہمی اشتراک سے فیملی ہیلتھ ڈے منایا گیا
گوجرانوالہ، باغی ٹی وی ( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس گوجرانوالہ اور گرین سٹارTC-1 کے باہمی اشتراک سے فلاحی مرکز ریلوے ڈسپنسری اور فلاحی مرکز رکھ کیکرانوالی میں فیملی ہیلتھ ڈے کا انعقاد کیاگیا جس میں 90 سے زائد کلائنٹس کو آئی یوسی ڈی انجکشن اور دیگر 30 کلائنٹس کو فیملی پلاننگ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
اس کے علاوہ 200 سے زائد جنرل کلائنٹس کو بھی خدمات فراہم کی گئیں۔ فلاحی مرکز ریلوے ڈسپنسری میں صحت مند خاندان کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ”صحت مند ماں صحت مند بچہ“ کے عنوان سے صحتمند بچوں کے درمیان مقابلے کا انعقاد بھی کیاگیا جس میں اول‘ دوم اور سوم آنے والے بچوں کے درمیان انعامات تقسیم کئے گئے۔
فلاحی مرکزرکھ کیکرانوالہ میں بیوٹیشن سٹال اور مہندی کے سٹال بھی لگائے گئے جن میں خواتین اور بچوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ہاتھوں پر اپنے من پسند نقش ونگار بنوائے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر گوجرانوالہ عدنان اشرف نے کہا کہ صحت مند ماں اور صحت مند بچہ ہی خوشحال خاندان اور معاشرے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے ماؤں پر زور دیا کہ قرآنی احکامات کے مطابق دو سال تک بچوں کو اپنا دودھ پلائیں اور بچوں کی پیدائش میں تین سال کا وقفہ رکھیں جو کہ ماں اور بچے دونوں کی صحت کا ضامن ہے۔