گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) ریجن پولیس گوجرانوالہ اور اپیکس گروپ آف کالجز کے مابین پولیس ملازمین کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ ریجنل پولیس آفیسر طیب حفیظ چیمہ اور اپیکس گروپ آف کالجز کے ریجنل ڈائریکٹر نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر آر پی او طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ پولیس ملازمین کے بچوں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کی سہولت دینا ان کی اولین ترجیح ہے۔ معاہدے کے تحت پولیس شہداء کے بچوں کو اپیکس کالجز میں مکمل مفت تعلیم دی جائے گی، جبکہ حاضر سروس، دوران سروس وفات پانے والے، ریٹائرڈ اور غازی ملازمین کے بچوں کو داخلہ، ٹیوشن فیس اور دیگر اخراجات پر 60 فیصد رعایت دی جائے گی۔

آر پی او نے ہدایت کی کہ ریجن بھر کے تمام پولیس ملازمین کو اس سہولت سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اپیکس کالجز کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے پولیس اہلکاروں کے لیے قابلِ قدر تعاون قرار دیا۔

اس موقع پر اپیکس گروپ آف کالجز کے پرنسپل نے کہا کہ ریجن پولیس گوجرانوالہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور یہ ادارہ فخر محسوس کرتا ہے کہ وہ پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے۔

Shares: