گوجرانوالہ (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ پولیس نے منشیات کے خلاف ایک بڑی مہم کے دوران دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ان ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ نوشہرہ ورکاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ریکارڈ یافتہ ملزم عمار اور اس کے ساتھی سیف اللہ کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 153 کلو 600 گرام چرس اور 25 کلو 200 گرام افیون برآمد کی، جس کی مجموعی مقدار 178 کلوگرام سے زائد بنتی ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس اہم کارروائی کے حوالے سے سی پی او محمد ایاز سلیم نے اپنے بیان میں کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا اور ان کے لیے ایک محفوظ مستقبل کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گوجرانوالہ پولیس منشیات سے پاک معاشرہ بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
یہ کارروائی گوجرانوالہ پولیس کی جانب سے شہر میں منشیات کے کاروبار کا مکمل خاتمہ کرنے کی جاری کوششوں کا ایک اہم حصہ ہے۔








