گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی: 5 ملزمان گرفتار، 6 کلو سے زائد ہیروئن و چرس برآمد،سماجی حلقوں کا پولیس کو خراج تحسین، سی پی او کا نوجوان نسل کے تحفظ کے عزم کا اظہار

گوجرانوالہ پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 5 کلو 430 گرام ہیروئن اور 740 گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔ ان ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

یہ کامیاب کارروائیاں سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی خصوصی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کی گئیں۔ سی پی او نے تمام تھانوں کو منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے احکامات دے رکھے ہیں۔ اس سلسلے میں تھانہ کینٹ، تھانہ دھلے، تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن اور تھانہ کھیالی کی پولیس ٹیموں نے گشت، ناکہ بندی اور سرچ آپریشن کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

تھانہ کینٹ پولیس نے منشیات فروش کبیر احمد سے 1.460 کلوگرام ہیروئن برآمد کی۔
تھانہ دھلے پولیس نے جاوید بٹ سے 1.410 کلوگرام ہیروئن اور سلیمان سے 740 گرام چرس برآمد کی۔
تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے ارسلان عرف شانی سے 1.320 کلوگرام ہیروئن برآمد کی۔
تھانہ کھیالی پولیس نے عدنان لطیف سے 1.240 کلوگرام ہیروئن برآمد کی۔

دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزمان دوسرے اضلاع سے منشیات لاکر گوجرانوالہ بھر میں فروخت کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے اور قوی امکان ہے کہ اس نیٹ ورک کے دیگر ارکان بھی جلد گرفتار کیے جائیں گے۔

ان کامیاب کارروائیوں پر سماجی و سیاسی تنظیموں اور اہلِ علاقہ نے پولیس کی کوششوں کو سراہا اور خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہریوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسے زہر سے بچانے کے لیے ایسی جرات مندانہ کارروائیاں نہایت ضروری ہیں۔

اس موقع پر سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ گوجرانوالہ میں منشیات فروشوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، نوجوان نسل کا محفوظ مستقبل یقینی بنانے کے لیے ان مجرموں کے گرد دائرہ مزید تنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کامیاب کارروائی پر تھانہ کینٹ، تھانہ دھلے، تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن اور تھانہ کھیالی کے ایس ایچ اوز اور ان کی ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے ان کے جذبے کو سراہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ مہم جاری رہے گی اور گوجرانوالہ کو منشیات سے پاک ضلع بنانے کا مشن ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔

Shares: