گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، محمد رمضان نوشاہی) پرنسپل ایگریکلچر آفیسر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) محمد اعظم مغل نے عمر مغل ایگریکلچر کمپنی، جی ٹی روڈ چیانوالی گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ کمپنی اعلیٰ معیار کی زرعی مشینری اور آلات تیار کرنے کے باعث نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی شہرت رکھتی ہے، جن کی کوالٹی بھارت، چین، فرانس اور برازیل میں بننے والی مشینری سے بہتر مانی جاتی ہے۔
اس موقع پر محمد اعظم مغل نے مقامی کاشتکاروں اور زراعت سے وابستہ افراد سے ملاقات کی اور فصلوں کی بہتر پیداوار، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال اور موسمی تغیرات سے بچاؤ کے اقدامات پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے، کاشتکار اگر جدید طریقۂ کاشت، متوازن کھاد اور پانی کے مؤثر استعمال پر عمل کریں تو پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
محمد اعظم مغل نے عمر مغل ایگریکلچر کمپنی کے سی ای او محمد عمر مغل کی مشینی کاشت کے فروغ میں عملی رہنمائی پر تعریف کی اور محکمانہ سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے مزید ہدایات جاری کیں۔








