گوجرانوالہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)الیکشن کمیشن آف پاکستان خواجہ سراء برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی انتخابی عمل میں شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر وزیر آباد عمران ظفر نے ووٹر ایجوکیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا، جس کا مقصد خواجہ سراء برادری کو انتخابی عمل میں فعال شرکت کی ترغیب دینا اور ان کے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔
اجلاس میں ایرش خان (نمائندہ خواجہ سراء برادری) نے اپنے مسائل اور خدشات کا اظہار کیا، خاص طور پر شناختی کارڈ بنوانے کے عمل میں مشکلات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے نمائندوں نے ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور خواجہ سراء برادری کو انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کی اہمیت پر زور دیا۔
اس میٹنگ میں آفتاب احمد (الیکشن آفیسر)، مظفر جاوید بھٹی (ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ)، نازیہ منشاء (ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن)، راحت زمرد اور ارسلان چیمہ نے بھی شرکت کی اور الیکشن کمیشن کی ووٹر ایجوکیشن مہم کو سراہا۔








