قصور ، تھانہ تھہ شیخم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو رنگے ہاتھوں اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ کوٹلی رائے ابو بکر کے علاقے میں ایک مردہ گدھی کی کھال اتار رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کو موقع سے گرفتار کرکے اس کے خلاف پنجاب اینیملز سلاٹر کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2016 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

31 جولائی 2025 کی شب تقریباً 8:00 بجے پولیس کو 15 ہیلپ لائن کے ذریعے اطلاع موصول ہوئی کہ ایک شخص علاقے کوٹلی رائے ابو بکر میں غیر قانونی طور پر ایک گدھی کی کھال اتار رہا ہے۔ اطلاع ملنے پر اے ایس آئی اکبر علی بمعہ اہلکاران شہزاد حسین (1505/C) اور محمد یٰسین (672/C) موقع پر پہنچے جہاں ملزم نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا،گرفتار ملزم کی شناخت اصغر ولد غلام مصطفیٰ، قوم مسلم شیخ، سکنہ کوٹلی رائے ابو بکر کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم گدھی کی کھال اتار کر اس کا گوشت بیچنے کا ارادہ رکھتا تھا، جو کہ سلاٹر کنٹرول قوانین کے سراسر خلاف ہے۔ پولیس نے مردہ گدھی کے گوشت کو موقع پر تلف کر دیا۔واقعہ کی ابتدائی اطلاع پولیس فارم نمبر 24-5(1) کے تحت درج کی گئی، جسے ابتدائی اطلاعی رپورٹ (FIR) نمبر 583/25 کے تحت اندراج کیا گیا۔ ای فلیگ نمبر TSK-31/07/2025-1016 کے تحت کیس رجسٹر ہوا، جبکہ پولیس اہلکار محمد پرویز ASI نے رپورٹ کی تصدیق کی۔پولیس کے مطابق تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

Shares: