اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر گنڈاپور کے مقدمات ختم ،نیب سے بلاوا آگیا،گرفتاری کاخدشہ
ڈی آئی خان،باغی ٹی وی (احمدنواز مغل نامہ نگار)پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف 25 مئی کے لانگ مارچ میں جلاؤ گھیراؤ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر احتجاج کے بعد اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 13 مقدمات درج کیے گئے تھے جس کے اخراج کے لیے انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے علی امین گنڈا پورکی اخراج مقدمہ کی درخواستوں پر سماعت کی جس سلسلے میں اسلام آباد کے 15 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔عدالت نے ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسر کے بیانات کے بعد علی امین کے خلاف دائر مقدمات خارج کردیے ہیں جبکہ دوسری طرف سابق وفاقی وزیر سردار علی امین خان گنڈہ پور کے خلاف نیب اور ایف آئی اے نے شکنجہ تنگ کر لیا، مختلف ٹھیکوں اور جائیداد کا حساب طلب کر لیا گیا، تفصیلات کے مطابق نیب اور ایف آئی اے نے سابق وفاقی وزیر سردار علی امین خان گنڈہ پور کے خلاف شکنجہ تنگ کرتے ہوئے ان سے ان کی جائیداد کی مکمل تفصیلات طلب کر لی ہیں علاوہ ازیں ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق وفاقی وزیر کی جانب سے دی گئی نوکریوں اور مختلف محکمہ جات میں ان کے کہنے پر ہونے والی پوسٹنگ ٹرانسفرز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیاہے۔ نیب اور ایف آئی اے نے سابق وفاقی وزیرسردارعلی امین خان گنڈ ہ پور سے گلگت بلتستان کے ٹھیکوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ ان تمام امور سے واضح ہو رہا ہے کہ نیب اور ایف آئی اے نے سردار علی امین خان گنڈہ پور کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کرتے ہوئے ان پر اپنی گرفت سخت کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس ضمن میں نیب نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ہ سے بھی رابطہ کیاہواہے۔
وفاق پولیس کی جانب سے سابق وفاقی وزیر سردار علی امین خان گنڈہ پور کو گرفتار کرنے کی کوشش، سابق وفاقی وزیروفاقی پولیس کو چکمہ دے کر نکل گئے، ڈیرہ اسماعیل خان سے لانگ مارچ کے شرکاء کو اسلام آباد لے جانے کے دوران میانوالی میں وفاقی پولیس کی جانب سے سابق وفاقی وزیر سردار علی امین خان گنڈہ پور کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی لیکن رش زیادہ ہونے کے باعث سابق وفاقی وزیرسردارعلی امین خان گنڈہ پوروفاقی پولیس کے اہلکاروں کو چکمہ دیکر نکل جانے میں کامیاب ہو گئے۔اس حوالے سے مزید انکشافات بھی سامنے آرہے ہیں ۔ شنید ہے کہ سندھ پولیس بھی مختلف مقدمات میں سردارعلی امین خان گنڈہ پور کو گرفتارکرنے ڈیرہ پہنچ سکتی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کاکہناہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے خیبرپختونخواہ میں کئی اہم عہدیداروں کی گرفتاری کاخطرہ موجودہے جس کے بعد حالات سنگین ہونے کاخدشہ بڑھ گیاہے۔