پشاور (باغی ٹی وی) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اچانک خیبر پختونخوا اسمبلی پہنچے، جہاں انہوں نے اراکین اسمبلی سے مصافحہ کیا اور پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے پرجوش نعرے بازی کی۔
اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ انہیں اپنے ایوان پر فخر ہے اور وہ تحریک انصاف کا ساتھ دینے پر پاکستان کے عوام کے شکر گزار ہیں جو مشکل حالات میں عمران خان اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہماری نسلوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے اپنے خطاب میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دی گئی اور پرامن احتجاج کا حق نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی کے ذاتی ملکیت نہیں بلکہ سب کا ملک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف سے پارٹی نشان چھیننے کی کوشش کی گئی اور ان کے لوگوں کو اغوا کیا گیا۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ان پر حملے کیے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہیں لاہور میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، اور صرف مویشی منڈی میں جلسے کی اجازت ملی۔
وزیر اعلیٰ نے اسمبلی کے موجودہ اراکین پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسمبلی میں چھ سے زائد ایسے لوگ نہیں ہیں جو عوامی مینڈیٹ کے ذریعے منتخب ہوئے ہوں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران علی امین گنڈا پور خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں موجود تھے، جہاں ان کے غائب ہونے کی متضاد اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔