ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں) بن قاسم پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل ملز سے کروڑوں روپے مالیت کی مشینری اور قیمتی دھاتیں چوری کرنے والے منظم گروہ کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 22 ویلر ٹرک سمیت بڑی مقدار میں چوری شدہ سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی میں 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن میں اسٹیل ملز کے ملازمین بھی شامل ہیں، جو اندرونی سہولت کاری کے ذریعے پلانٹ کی قیمتی مشینری اور دھاتیں باہر منتقل کر رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم ندیم حسین اس گروہ کا مرکزی کردار تھا، جو چوری شدہ سامان کی سہولت کاری اور فروخت کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ برآمد ہونے والا لوہا اور مشینری اسٹیل ملز کے پلانٹ سے تعلق رکھتی ہے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت ندیم حسین، نصار، عبدالوحید، لیاقت خان، زاہد خان اور خالد شام کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران پولیس نے 36 ہزار کلوگرام سے زائد، یعنی تقریباً 36 ٹن مشینری اور لوہے کا سامان برآمد کیا، جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان چوری شدہ سامان 22 ویلر ٹرک کے ذریعے منتقل کر رہے تھے اور مختلف گوداموں میں فروخت کیا جاتا تھا، جبکہ دیگر ملزمان اس نیٹ ورک میں معاونت فراہم کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر ممکنہ سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی چھان بین جاری ہے۔








