اوچ شریف (باغی ٹی وی ک،نامہ نگارحبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے میں آم کے باغ کی رکھوالی کرنے والے بزرگ کو آم توڑنے سے منع کرنے پر جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔ واقعے کے مطابق 70 سالہ بشیر احمد جو باغ میں رکھوالا تعینات تھا، نے ایک آوارہ شخص کو آم توڑنے سے روکا جس پر بات بگڑ گئی اور جھگڑا شروع ہو گیا۔

بشیر احمد کو شبہ تھا کہ ضامن نامی شخص روزانہ باغ میں آوارہ گھومنے آتا ہے اور چوری چھپے آم توڑتا ہے۔ اس بار جب رکھوالا نے اسے آم توڑنے سے منع کیا تو ضامن آپے سے باہر ہو گیا۔ دونوں کے درمیان تلخ کلامی نے جلد ہی خطرناک لڑائی کی صورت اختیار کر لی۔ ضامن نے مبینہ طور پر ڈنڈوں، گھونسوں اور لاتوں سے بزرگ پر وحشیانہ تشدد کیا، جس کے نتیجے میں بشیر احمد موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

مقامی شہریوں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری انصاف کی اپیل کی ہے۔ واقعہ علاقے میں خوف و ہراس اور غم و غصے کی فضا پیدا کر گیا ہے۔

Shares: