بہاولپور میں ایک خاتون ڈرائیور کی جلد بازی اور تیز رفتاری کے باعث ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جب ایک کار مسلم کمرشل بینک کی عمارت کے مرکزی دروازے سے ٹکرا گئی۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے بینک کے قریب پہنچی۔ عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کی رفتار کافی تیز تھی، اور جیسے ہی خاتون نے گاڑی روکنے کی کوشش کی تو غلطی سے بریک کی بجائے ایکسیلیریٹر (ریس) دبا دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر سیدھا بینک کے داخلی دروازے سے جا ٹکرائی۔ریسکیو 1122 کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثے کے نتیجے میں بینک کے شیشے چکناچور ہو گئے جبکہ دروازے کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ خاتون ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں، تاہم کسی قسم کی سنگین جسمانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

گاڑی کو بھی حادثے میں خاصا نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے اس وقت بینک میں کوئی بڑا رش نہیں تھا، جس کی وجہ سے ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکا۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حادثہ دن کے وقت پیش آیا اور اچانک زوردار آواز سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون ڈرائیور کے خلاف تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا، تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Shares: