اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ ہم نے خون ریزی کے خاتمے کیلئے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے صدر ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہم آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہییں، ہمارے پیش کردہ کچھ نکات قرار داد میں شامل نہیں، بورڈ آف پیس اور بین الاقوامی امن فورس کے مینڈیٹ کی وضاحت ہونی چاہئے۔بنیادی مقصد غزہ میں معصوم فلسطینوں کے قتل عام کی روک تھام ہے، غزہ سے اسرائیلی فورسز کا مکمل انخلاء چاہتے ہیں۔1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کا قیام ہمارا مقصد ہے، فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس ہونا چاہیے۔
امریکی صدر نے سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق قرارداد پر دنیا کو مبارکباد دی ہے۔سوشل میڈیا پیغام میں صدر ٹرمپ نے لکھا کہ اقوام متحدہ نے بورڈ آف پیس کی توثیق کی جس کا سربراہ میں خود ہوں گا، بورڈ آف پیس میں دنیا بھر کے طاقتور اور قابل احترام رہنماء شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں بورڈ کے ممبران سمیت مزید اعلانات کیے جائیں گے۔صدر ٹرمپ نے قرارداد کی حمایت پر پاکستان سمیت دیگر ممالک کا شکریہ ادا کیا۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے کی حمایت میں قرار داد منظور کرلی گئی۔ امریکی قرارداد میں بین الاقوامی استحکام فورس کی تعیناتی، عبوری حکومت کیلئے بورڈ آف پیس، غزہ کو اسلحہ سے پاک کرنے، امداد کی ترسیل اور تعمیر نو کے نکات شامل ہیں۔قرارداد کے حق میں 14 ووٹ آئے، روس اور چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔امریکی مندوب نے قرارداد کو خون خرابے کے خاتمے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور اسرائیلی سیکیورٹی کی جانب اہم قدم قرار دیا۔پاکستان سمیت عرب ممالک نے قرارداد کی حمایت کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا۔








