اوچ شریف:سابق ایم پی اے صاحبزادہ میاں گزین عباسی نے بھی پی ٹی آئی چھوڑ دی

عام طور پر سرائیکی بیلٹ کے سیاست دانوں کو وفاقی لیول پر مبینہ طور سے " بکاؤ مال " سمجھا جاتا ہے

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے صاحبزادہ میاں گزین عباسی کا بھی سافٹ ویئر مبینہ اپڈیٹ، پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اظہار کردیا، ویڈیو پیغام سوشل میڈیا پر وائرل، حلقہ کے ووٹرز میں شدید مایوسی کی لہر،

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے حلقہ پی پی 249 صاحبزادہ میاں گزین عباسی جن کو چند ہفتے قبل مبینہ طور پر کراچی سے نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا تھا جو کہ بعد ازاں خیریت سے واپس بھی آگئے تھے نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے اور نو مئی کے واقعات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کو خیر باد کہہ دیا ہے،

مزکورہ ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے اور انکے اس بیان کی وجہ سے انکا اچھا خاصا ووٹ بینک ان سے نالاں اور مایوس دکھائی دیتا ہے، یاد رہے جنوبی پنجاب کی اس سرائیکی بیلٹ کے سیاست دانوں کو وفاقی لیول پر مبینہ طور سے ” بکاؤ مال ” سمجھا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہر دور اقتدار میں آنے والی جماعتیں اسی پٹی کے منتخب شدہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کی "خریداری” کرکے اپنے نمبر زآف گیم مکمل کرتی رہی ہیں اور اقتدار کا ہماسر پر سجا کر حکمرانی کو انجوائے کیا، اس سے پہلے نواب آف بہاولپور بہاول خان عباسی بھی پاکستان تحریک انصاف کو اپنے ویڈیو پیغام کے ذریعے داغ مفارقت دے چکے ہیں

اس وقت زمینی حقائق کے برعکس کچھ ایسے بھی سیاست دان ہیں جو تاحال پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے دکھائی دیتے ہیں جن میں سرفہرست سردار ملک عامر یار وارن اور سردار عامر نواز چانڈیہ ہیں، حلقہ پی پی 249 کے پاکستان تحریک انصاف کے ووٹرز میں میاں گزین عباسی کے پارٹی چھوڑنے کے مزکورہ ویڈیو پیغام پر شدید تشویش پائی جاتی ہے

عباسی خاندان کی مستقبل قریب کی سیاست کا رخ یکسر تبدیل ہوتا نظر آرہا ہے، تاہم حتمی طور پر کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا کہ حلقہ کا ووٹر اب کس کو اپنے ووٹ کا حقدار سمجھے گا

Leave a reply