گلگت بلتستان، گزشتہ چند روز قبل گلگت بلتستان کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والی جرمن کوہ پیما لورا ڈاہلمائر کا آج انتقال ہوگیا ہے۔ یہ افسوسناک خبر گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے تصدیق کی ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ 28 جولائی کو دو جرمن خواتین کوہ پیما، جن میں لورا ڈاہلمائر اور کروس مرینہ ایوا شامل تھیں، لیلیٰ پیک کی چوٹی سر کرنے کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کا شکار ہوئیں۔ اس حادثے میں کروس مرینہ ایوا کو گزشتہ روز ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا، تاہم 31 سالہ لورا ڈاہلمائر لاپتہ تھیں۔ کئی روز کی تلاش کے بعد ان کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔لورا ڈاہلمائر جرمنی کی انتہائی کامیاب اور نامور ایتھلیٹس میں شمار کی جاتی تھیں۔ انہوں نے 2018 کے پیونگ چانگ ونٹر اولمپکس میں دو طلائی تمغے جیتے تھے اور مجموعی طور پر 7 عالمی چیمپئن شپ ٹائٹل حاصل کیے تھے، جو ان کی کھیلوں میں مہارت اور کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کی زندگی اور خدمات کو عالمی کھیلوں کی دنیا میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
گلگت بلتستان کی حکومت اور مقامی انتظامیہ نے لورا ڈاہلمائر کے انتقال پر گہرا دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات مزید مضبوط کریں گے تاکہ سیاحوں اور کوہ پیماوں کی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔