قصور
چونیاں کے نواحی دیہات میں اینٹوں کے بھٹے کی مٹی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا،اعلی حکام سے نوٹس کی اپیل

تفصیلات کے مطابق تحصیل چونیاں کے نواحی گاؤں چک نمبر 16، 17 اور 18 کے رہائشی شدید مشکلات میں مبتلا ہیں مقامی صحافی اسامہ شفیق راجپوت کے مطابق چک نمبر 18 میں جانوروں کے ہسپتال کے قریب ایک اینٹوں کے بھٹے کے لئے مٹی کے بڑے ڈھیر لگائے جا رہے ہیں جہاں روزانہ درجنوں ڈمپر، ٹرالیاں اور ٹریکٹر مٹی لانے میں مصروف ہیں
یہ بھاری گاڑیاں چک نمبر 16 اور 17 سے گزرتی ہوئی چک نمبر 18 تک پہنچتی ہیں
مقامی لوگوں کے مطابق زیادہ وزن اور تیز رفتاری کے باعث ان گاڑیوں سے مٹی سڑک پر گر کر گرد و غبار میں تبدیل ہو جاتی ہے جس نے پورے علاقے کو دھول کے بادلوں میں لپیٹ لیا ہے جس کے باعث لوگوں کا سڑک پر سے گزرنا محال ہو جاتا ہے اور لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں
مرکزی سڑک کہ جس کے دونوں اطراف میں رہائشی آبادیاں، دکانیں اور ہوٹل قائم ہیں وہ اب ناقابلِ برداشت حد تک آلودہ ہو چکی ہے
لوگوں کا کہنا ہے کہ صبح سے رات تک مٹی سے لدی گاڑیوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے اور فضا میں اڑتی دھول سے سانس لینا مشکل ہو گیا ہے
علاقہ مکینوں نے کئی بار زبانی طور پر متعلقہ افراد سے کہا کہ مٹی پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے یا ترپال ڈال کر لائی جائے مگر کسی نے توجہ نہیں دی بھاری ٹریفک کے باعث سڑک بھی تیزی سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے اور حادثات کے امکانات بڑھ گئے ہیں
اہلِ علاقہ نے انتظامیہ، محکمہ ماحولیات اور ٹریفک پولیس سے فوری نوٹس لینے، غیرقانونی مٹی کی ترسیل روکنے اور علاقے میں دھول مٹی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے

Shares: