پاکستان کا کسان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ،حافظ محمد سعید کو رہا کیا جائے،کسانوں کا مطالبہ
مودی کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کیا جائے ،خالد مسعود سندھو،حافظ طلحہ سعید،چوہدری ذوالفقار علی اولکھ
مرکزی کسان لیگ کے زیر اہتمام کسان مارچ کے ہزاروں شرکاء سے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سن،پانی روکنا تمہارے بس میں نہیں، اگر کوئی غلطی کی تو پاکستان کے کسان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑنے کو تیار ہیں،پاک فوج کی بہادری کے باعث بھارت کو ابھی تک حملے کی جرأت نہیں ہوئی، بھارت نے جو متنازعہ ڈیم بنائے ان پر یہ کسان قبضہ کریں گے،کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، بھارت کے بنائے گئےڈیموں سمیت کشمیر کو آزاد کروائیں گے،نظریہ پاکستان کے محافظ حافظ محمد سعید کو رہا کیا جائے،مودی کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کیا جائے
ان خیالات کا اظہار پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے شعبہ کسان،مرکزی کسان لیگ کے زیر اہتمام مال روڈ لاہور پر کسان مارچ کے شرکا سے مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو،نائب صدر حافظ طلحہ سعید، مرکزی کسان لیگ کے چیئرمین چوہدری ذوالفقار علی اولکھ،صدر اشفاق ورک ،قاری محمدیعقوب شیخ،چوہدری سرور،شیخ فیاض ،اعجاز نصر، احسان اللہ منصور،مزمل اقبال ہاشمی،محمد احسن،،ارشد نواب،علی عمران شاہین.راشد سندھو،حافظ ابوالحسن،حافظ عثمان شفیق ،شہزاد ورک و دیگر نے خطاب کیا۔
مرکزی کسان لیگ کے زیراہتمام بھارتی آبی جارحیت کے خلاف ہزاروں کسان ٹریکٹر لے کر سڑکوں پر آ ئے، مال روڈ لاہور مودی پانی روکا تو ہم واہگہ عبور کریں گے،نعروں سے گونج اٹھا،کسان مارچ کا آغاز استنبول چوک سے ہوا اور شرکاء اسمبلی ہال پہنچے، کسان مارچ میں ہزاروں کسان ٹریکٹر ٹرالیوں‘ موٹر سائیکلوں پر سوار سفید پگڑیاں باندھے ، ہاتھوں میں کدالیں اور بیلچے اٹھائے پہنچے ،شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے،جن پر بھارتی آبی جارحیت کے خلاف اورپاک فوج کے حق میں تحاریر درج تھیں۔
کسان مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت کیخلاف کسان سڑکوں پر آ چکے، مودی نے اگر پاکستان کا پانی روکنے کی غلطی کی تو کسان خاموش نہیں رہے گی، کسان افواج پاکستان کے شانہ بشانہ رہیں گے، پانی کے تحفظ کے لئے پاکستان کا بچہ بچہ بھارت سے جنگ لڑنے کو تیار ہے،مودی کی آبی جارحیت کے بعد قوم میں اتحاد و یکجہتی انتہائی خوش آئند ہے،پاکستان کی زمین کو بنجر کسی صورت نہیں ہونے دیں گے۔
حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ آج وطن عزیر کے حساس ترین حالات اور دشمنوں کی منصوبہ بندیاں جو انہوں نے بنائی تھیں ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اللہ نے ہمارے دشمنوں کی ساری منصوبہ بندیاں ناکام کر دی ہیں، اللہ نے پاکستان کی فضائیہ کو توفیق دی کہ ہندوستان کی فضائیہ کو بٹھا دیا ،میں پاکستان کے ائیر چیف اور تمام ارباب اختیار سے کہوں گا کہ سجدہ شکر ادا کریں اللہ نے دشمن کو ناکام کیا ہے،اسلام ہمیں جنگی جنونی نہیں بناتا لیکن جب جنگ شروع ہو جائے تو ثابت قدم ہو جاو،مرکزی مسلم لیگ ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہے۔
مرکزی کسان لیگ کے صدر ذوالفقار علی اولکھ کا کہنا تھا کہ میں کسانوں کی نمائندگی کرتے ہوے یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ابھی ہم حکومت پاکستان سے ناراض تھے کہ ہمیں ہماری گندم کے ریٹ نہیں ملے،لیکن اس دوران ہندوستان نے ہم پر بڑا حملہ کر دیا،ہم اپنے دکھ بھول گئے ہم اپنے حکمرانوں کے ساتھ کھڑے ہو کر اعلان کرتے ہیں کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں،ہم کس طرح اپنے سینے پر پتھر رکھ راوی بیاس ستلج کی بندش برداشت کرتے رہے ہیں اب نہیں کریں گے، ہم اپنا پانی نہیں روکنے دیں گے
قاری محمد یعقوب شیخ و دیگر رہنماوں کا کہنا تھا کہ ہندوستان ہمارا دشمن تھا رہے گا،دو قومی نظریے کی بنیاد پر ہم جدا ہوئے، پاکستان کا جغرافیہ ہندوستان سے ہضم نہیں ہورہا،پہلگام میں مودی نے ڈرامہ رچا کر پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف اور پاکستان کی محب وطن جماعتوں اور قائدین کے خلاف بات کی،تم نے یہ ڈرامہ رچایا کہ پاکستان کا پانی بند کر دے گا اب سن یہ کسانوں کی فوج تمہارے خلاف کھڑی ہے،اگر ہمارا پانی بند ہوا تو پیاس سے ایڑیاں رگڑ کر مرنے کی بجائے پاکستان کی عوام تجھ سے ٹکرائے گی ،تمہارا ابھی نندن منہ کی کھا کر گیا تم اپنے جہازوں کو بھیجو گے وہ ملبے کا ڈھیر بنیں گے واپس نہیں جائیں گے،ہم نے ملک لاالہ الا اللہ کی بنیاد پر بنا تھا اسی پر قائم ہے اور رہے گا