گوجرانوالہ: کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کا گھنٹہ گھر چوک کا دورہ، تجاوزات کے خلاف آپریشن

گوجرانوالہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن حیدر علی چٹھہ کے ہمراہ گھنٹہ گھر چوک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کارپوریشن عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف ہرقسم کی تجاوزات کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

دورے کے دوران اسکواڈ لیڈر انکروچمنٹ سپرائیٹنڈنٹ رحمت علی انصاری اور انکروچمنٹ انسپکٹر عرفان نسیم بٹ نے تجاوزات نہ ہٹانے پر 3 دوکانیں سیل کر دیں اور 3 افراد کو موقع پر پکڑ کر متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کیا، جہاں ان کے خلاف پرچہ درج کروا دیا گیا۔

اس کے علاوہ، چوک نیائیں سٹی کالج، جی ٹی روڈ، گوندلنوالہ اور ریلوے پھاٹک پر غیر قانونی لنڈا لگانے والی مافیا کے خلاف آپریشن کلین اپ کیا گیا۔ ہیوی مشینری کی مدد سے 100 کے قریب ہتھ ریڑھیاں ہٹا کر جگہ کو صاف کر دیا گیا۔

کارپوریشن عملے نے تمام تجاوزات کنندگان کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر دوبارہ کسی نے بھی اس جگہ پر تجاوزات لگائیں تو ان کے خلاف فوری طور پر پرچہ درج کروایا جائے گا۔

Comments are closed.